چترال، 22 نومبر (اے پی پی ):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کیلاش نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت چترال کے ساتھ انتہائی محبت رکھتی ہے، موجودہ حکومت میں چترال کیلئے اربوں روپے کی منظوری دی گئی ہے جس سے مختلف ترقیاتی منصوبے مکمل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وادی کیلاش اور پورے چترال میں جتنے کام اس حکومت میں ہوئے ہیں ماضی میں کسی بھی حکومت نے اتنے کام نہیں کئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وادی رمبور میں مختلف ترقیاتی کاموں کی افتتاح کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان جب سیلاب کے موقع پر یہاں آئے تھے تو انہوں نے محتلف منصوبوں کیلئے54 کروڑ روپے منظور کئے۔ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیلاش قبیلے کا قبرستان ختم ہوچکا ہے ہم نے نئی جگہ پر قبرستان کیلئے چھ کنال زمین خریدی ہے جبکہ کیلاش تہوار منانے کیلئے بھی ہم نے تین کنال سے زیادہ زمین خرید ی ہے ، اسی طرح وادی کیلاش کا سڑک بھی نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حوالہ ہوا ہے جس پر جلد کام شروع ہو جائے گا ۔
وزیر زادہ کیلاش نے کہا کہ کیلاش کی ترقی کیلئے پہلی بار کیلاش ویلیز ڈیولپمنٹ اتھارٹی بنائی گئی ہے جس کیلئے ڈپٹی کمشنر کو ڈائریکٹر جنرل کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے جس میں کیلاش کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا فنڈ ہوگا،اس سے اس علاقے میں روزگار بڑھے گا اور یہ علاقہ مزید ترقی کرے گا، جنگلات کی پرمٹ کا کام بھی محکمہ سیاحت کے حوالہ کیا جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کیلاش خواتین کیلئے رمبور میں بشالینی کی چار دیواری اور تعمیر کا کام بھی شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار صوبے میں ایسی حکومت آئی ہے جو تیس لاکھ روپے کی لاگت سے کیلاش کے پچاس گھروں کی کیلاشی ثقافت کے مطابق مرمت کرے گی ۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کیلاش نے کہا کہ 35 لاکھ روپے کی لاگت سے بران گورو گاؤں میں دو سو فٹ حفاطتی بند تعمیر ہوگا تاکہ اس گاؤں کو سیلاب سے کوئی نقصان نہ پہنچے،چک گوروں گاؤں میں بھی دو سو فٹ حفاظتی بند تعمیر ہوگااور اس کی بھی منظوری ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہ بلوط کی درخت کو محفوظ کرنے اور بنجر زمین کو آباد کرنے کیلئے ایک کروڑ تیس لاکھ روپے کی لاگت سےآبپاشی نہر تعمیر کی جائے گی جبکہ گرام گاؤں کا نہر جو حالیہ سیلاب میں تباہ ہوا تھا اس کیلئے بھی چھبیس لاکھ روپے ، رویلی کیلئے پچاس لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، چو چو گول شیخاندہ کیلئے تیس لاکھ روپے رکھے گئے ہیں تاکہ ان علاقوں میں پانی پہنچا کر زمین سیراب کرائی جائے ۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اقلیتی امور نے کہا کہ کیلاش بھر میں سڑکوں کی حالت کو بھی بہتر کیا جا رہا ہے ، ایک کروڑ چھ لاکھ روپے دوباش سے لیکر رمبور تک کی سڑک کیلئے میں نے منظور کروائے ہیں، اسی طرح ایک کروڑ آٹھ لاکھ بمبوریت کیلئے اور ایک کروڑ بریر کی سڑک کیلئے منظور کروائے ہیں۔
وزیر زادہ کیلاش نے کہا کہ پاکستان اقلیتیوں کیلئے نہایت محفوظ ترین ملک ہے اور یہاں ہر اقلیتی کمیونٹی نہایت آزادی سے اپنے مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں اس کے برعکس ہمارے پڑوسی ملک ہندوستان میں مسلمانوں، سکھوں پر ظلم ہورہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان پر پا بندی لگائے تاکہ وہ اقلیتوں پر ظلم نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کیلاش لوگ ان وادیوں میں پچیس سو سالوں سے رہ رہے ہیں جس میں ہمارے مسلم بھائیوں کا بڑا کردار ہے اور ان کی تعاون کے بغیر ہم اتنی آزادی سے نہیں رہ سکتے اور ان کی پیار محبت کی وجہ سے کیلاش لوگ نہایت محفوظ ہیں اور یہاں اقلیتوں کو غیر معمولی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔
اس موقع پر کیلاش وادی رمبور میں سیلاب متاثرین میں بھی 19 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے ۔











