ملتان؛ٹریفک سٹاف کو صحت کے حوالہ سے طبیب حکیم عامر حسین کا لیکچر،مفید مشورے دیئے

200

ملتان، 21نومبر(اے پی پی): ٹریفک سٹاف کی شخصیت میں نکھار پیدا کرنے کے لیے ہفتہ وار پروگرام کا سلسلہ جاری ہے،  اس حوالے سے پولیس آڈیٹوریم، پولیس لائن میں ٹریفک سٹاف کو شہر کے مشہور طبیب حکیم عامر حسین اوبھایا نے طب رسول ﷺ اور امراض قلب کے موضوع پر لیکچر دیا۔ٹریفک سٹاف کو دوران ڈیوٹی صحت کے حوالہ سے درپیش مسائل اور ان سے نبرد آزما ہونے کے لئے مفید مشورے دیئے گئے۔

عامر حسین اوبھایا نے ٹریفک سٹاف کو بتایا کہ اپنی صحت کا خیال رکھنے کیلئے کون کون سے پھل اور جوسز کا استعمال کیا جا سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ وقت پر کھانا کھائیں اسکے علاوہ ورزش کو اپنی عادت بنائیں، بازاری کھانوں سے پرہیز کریں، کم کھائیں اور اچھا کھائیں۔

انہوں نے ٹریفک سٹاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جتنا آپ صحت مند ہونگے اتنی ہی مستعدی سے آپ پبلک کو اپنی خدمات پیش کر سکیں گے۔

 ٹریفک سٹاف کو بتایا گیا کہ دوران ڈیوٹی صبرو تحمل سے کام لیں اور لوگوں کے چھوٹے چھوٹے رویوں کو معاف کریں کیونکہ درگزر کرنا سنت رسول ﷺ ہے اور جتنی جلدی آپ تلخیوں کو بھلائیں گے، خوش اخلاقی سے پیش آئیں گے آپ کے رویہ سے آپ کی صحت  میں بہتری خود بخود آئے گی۔ چیف ٹریفک آفیسر نے ٹریفک سٹاف کو اپنے لیکچر میں بتایا کہ حالیہ کرونا کی دوسری لہر سے بچنے کے لئے سماجی میل جول سے اجتناب کریں تو تمام احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں۔ خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔

واضح رہے کہ  ٹریفک سٹاف کی شخصیت میں نکھار پیدا کرنے کے لیے لیکچرز کا ہفتہ وار  سلسلہ جاری ہے۔ اس پروگرام کے تحت محرک اسپیکرز، مذہبی اسکالرزاور سائیکالوجسٹ کی جانب سے ٹریفک سٹاف کو لیکچر دیے جاتے ہیں۔ ان لیکچرز کا مقصد ٹریفک سٹاف کو ڈیوٹی کے دوران پیش آنیوالے ذہنی تناؤ، موسمی حالات کا صحت پر اثر انداز ہونا اور اسکے  ساتھ ساتھ دوران ڈیوٹی پبلک ڈیلنگ کی تعلیم دینا ہے۔