صنعتکاری کے عمل کو تیز کرکے روز گار کے مواقع بڑھانا حکومت کی پہلی ترجیح ہے: میاں اسلم اقبال

80

لاہور 24 نومبر:(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال  نے کہا ہے کہ صنعتکاری کے عمل کو تیز کرکے روز گار کے مواقع بڑھانا حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، متعلقہ ادارے ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات دیں۔

منگل کو یہاں چین کی اوریل سرامکس کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیو فن چاؤ سے  ملاقات کے دوران  گفتگو کرتے  ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور انکی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ حاصل ہے ،صنعتوں کے بجلی اور گیس کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی، سرمایہ کاری کے عمل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

ملاقات کے دوران چینی کمپنی کی جانب سے بھلوال میں سرمایہ کاری کے امور پر بات چیت کی گئی۔ چینی کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیو فن چاؤ نے کہا کہ ہمارا گروپ بھلوال میں سرامکس انڈسٹری میں 70ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے،صنعتی یونٹ لگانے کیلئے بجلی اور گیس کے کنکشن کے حصول اور دیگر مسائل درپیش ہیں۔

صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو چینی کمپنی کو انڈسٹری لگانے کے حوالے سے درپیش تمام مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت بھی کی ۔