اسلام آباد، 28 نومبر (اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے صحت کے رہنما اصولوں اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز قوم کے نام اپنے جاری ویڈیو پیغام میں کیا۔
اسپیکر نے یہ اپیل اس وقت کی جب ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے آنے پر یہ بیماری بڑھ رہی ہے۔ اسپیکر نے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے جاری اپنے ویڈیو پیغام میں قوم سے اپیل کی ہے کہ اس وائرس سے متاثر ہونے کے بعد یہ بیماری انسان پر تباہ کن نفسیاتی اور صحت کے برے اثرات مرتب کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس تکلیف کا احساس ہے کیونکہ وہ اور ان کے اہل خانہ اس بیماری سے گزر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں وسائل کی کمی کی وجہ سے ہماری عوام کو اس بیماری سے نبردآزما ہونے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں گنجائش نا ہونے کی وجہ سے حالات خرابی کی طرف جا سکتے ہیں اس لیے عوام سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ وائرس سے بچنے کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں تاکہ اس موذی وائرس پر قابو پانے میں مدد ملے سکے۔
اسپیکرقومی اسمبلی نے اس وائرس کے خلاف فرائٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز اور پیرا میڈک سٹاف ہمارے حقیقی ہیروز ہیں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اسپیکرقومی اسد قیصر نے اللہ تعالیٰ سے اس مرض کی وجہ سے شہید ہونے والے سیاسی رہنماؤں، پیرا میڈک سٹاف، میڈیا کے نمائندوں اور دیگر افراد کے درجات کی بلندی، بیماروں کی جلد صحتیابی اور پسماندگان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا بھی کی۔











