سکھر،28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبی بندی و ترقی، سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا سے لاکھوں پاکستانیوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے، حکومت کرونا پر سیاست نہیں کر رہی،ہم بڑے جلسہ کرسکتے ہیں مگر این سی او سی کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں، شادی تقریب کے لیئے زرداری خاندان نے مختصر لوگ بلائے جبکہ جلسوں میں ہزاروں لوگوں کو بلایا جا رہا ہے، لیڈر بلاول خود قرنطینہ ہوگئے ہیں اور عوام کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو اور ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسد عمر نے کہا کہ نواز شریف کو دعوت دے رہے ہیں کہ وہ پاکستان واپس آئیں اور مقدمات کا سامنا کریں، بھاگنے یا چھپنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، مگرسنا ہے کہ وہ واپس آنے کو تیار نہیں۔والدہ کے انتقال کے باعث شہباز شریف کو پیرول پر رہا کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے۔ چینی کی قیمتیں گر رہی ہیں، آٹے کی قیمتیں کم ہونا شروع ہو گئی ہیں۔جلد اپوزیشن اپنی مہم میں ناکام ہوگی۔سندھ میں گندم پیدا ہوتی ہے جبکہ یہاں کے عوام پنجاب سے 15 روپے زیادہ فی کلو قیمت ادا کرتے ہیں۔سندھ میں مہنگائی سندھ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمرنے جزائر منصوبہ کے خلاف سندھ میں ہونے والے احتجاج پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جزائر پر جدید شہر کی تعمیر اور ترقیاتی منصوبی کے حوالے سے سندھ حکومت نے خود این او سی دی ہوئی ہے۔سندھ حکومت کے بعد ہی آرڈیننس جاری ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ کوئی جزائر پر قبضے نہیں ہو رہے بس اس پر سیاست کی جا رہی ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ ٹی وی چینل 24 نیوز پر ہم نے نہیں بلکہ پیمرا نے پابندی لگائی ہے۔ وفاقی حکومت کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔ سکھرمیں تجاوزات کے خاتمے کے لئے جاری آپریشن بارے انہوں نے کہا کہ سکھر میں پی پی پی کی حکومت ہے، بعد میں وہ ہی قبضہ کریں گے۔ اسد عمر نے کہا کہ شمال سندھ میں پی ٹی آئی کے ورکرز کی بڑی تعداد ہے مگر کرونا کی وجہ تقریب مختصر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شادی تقریب کے لیئے زرداری خاندان نے مختصر لوگ بلائے جبکہ جلسوں میں لوگوں کو بلایا جا رہا ہے۔وہ لوگوں کی زندگیوں کھیلنا چاہتے ہیں۔پارٹی لیڈر بلاول خود قرنطینہ ہوگئے ہیں اور عوام کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے چھ لوگوں کے ساتھ 1996 میں پارٹی کا بنیاد رکھا، 15 سالوں تک پی ٹی آئی کا کوئی رکن اسمبلی میں نہیں تھا، اب عمران خان سب پارٹیوں کے لیے اکیلا طاقتور بن گیا ہے،یہ اس کی طویل اور شاندار جدوجہد کا ثبوت ہے۔ سب پارٹیاں عمران خان کے خلاف کھڑی ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، پانی سب صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پر عمران خان کے لیئے سارا عوام ایک ہے، شمالی سندھ کے لیئے ترقیاتی منصوبے بنا رہے ہیں، سکھر شہر کے لیئے پینے کے پانی کا منصوبہ بنائیں گے، افسران قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں بصورت دیگر انہیں بھی قیمت چکانی پڑے گی، یہ سیاسی لوگ چلے جائیں گے مگر انہیں یہیں رہنا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم نے میٹنگ طلب کی ہے اس لیئے دورہ مختصر کر کے جا رہا ہوں، دوبارہ یہاں آؤں گا اور میگا پروجیکٹ کا اعلان کیا جائے گا۔











