اسلام آباد ، 03 دسمبر(اے پی پی ): وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد پاکستان کا واحد شہر ہے جو مکمل منصوبہ بندی کے تحت بنایا گیا لیکن اب اس شہر کا حسن خراب ہو رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں گرین ایریاز کو بچانے کے لیے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ترقی کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملک کے لئے انتہائی ضروری ہے کہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے جس میں تعمیراتی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ہمیں تعمیراتی شعبے سے منسلک صنعتوں کے لیے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔
گورنر سٹیٹ بنک نےاجلاس کو آگاہ کیا کہ بنکوں نے ہاؤسنگ اور تعمیرات کے ضمن میں دئیے گئے اس سہ ماہی کے اہداف کو بڑی حد تک مکمل کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بینکوں کو اس سلسلے میں صارفین کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید آگاہ کیا کہ اسٹیٹ بینک کے سو سے زائدافسران روزانہ کی بنیاد پر مختلف بینکوں میں “مسٹری شاپنگ” کر رہے ہیں تاکہ صارفین کو میسر سہولیات کے بارے میں معلومات بھی اکٹھی کی جا سکتی اور انہیں یقینی بھی بنایا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ آٹومیشن کی عمل پر تیزی سے کام جاری ہے اور انشاءاللہ اس ماہ کے آخر تک اسے مکمل کر لیا جائے گا۔اس عمل کے مکمل ہونے سے عوام کو غیر ضروری طور پر دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید بتایا کہ نیو بلیو ایریا میں فروخت کیے گئے 12 میں سے چار کمرشل پالاٹوں کے نقشے سی ڈی اے کو موصول ہو چکے ہیں جن پر تعمیراتی کام جلد شروع ہو جائے گا۔
اجلاس میں وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز, وزیرِ اعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، معاونینِ خصوصی ملک امین اسلم، شہباز گل، سید ذوالفقار عباس بخاری، وقار مسعود، وفاقی و صوبائی سیکرٹری صاحبان اور سینئر افسران کی شرکتِ۔











