مظفرگڑھ، 5دسمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ مظفرگڑھ شہر کی تعمیرو ترقی اور خوشحالی کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے 10ارب روپے خرچ کئے جائیں گے جس کیلئے آئندہ 30سالوں کی ضروریات کی مد نظر رکھ کر ماسٹر پلان تیار کیا جارہا ہے ۔
یہ بات انہوں نے اس سلسلے میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مظفرگڑھ شہر کی تعمیرو ترقی کیلئے بنائے جانے والے ماسٹر پلان میں سیوریج، ویسٹ مینجمنٹ، واٹر سپلائی، جنرل بس سٹینڈ، اندرون شہر شاہرات کی تعمیرو مرمت، اربن ٹرانسپورٹ، پاکس اور سر سبز مظفرگڑھ کے منصوبے شامل ہونگے۔
ڈی سی نے کہا کہ اس پروگرام سے نہ صرف شہر کی ترقی ہوگی بلکہ شہر کی عوام کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے جبکہ عوام کو صحت مند تفریح کے مواقع بھی میسر ہونگے، انہوں نے کہا کہ منصوبہ جات کی تکمیل میں وقت کو ضائع نہیں کیا جائے گا،جس سے کم سے کم وقت میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر ہونگے۔
اس موقع پر پی آئی سی آئی آئی پی کے افسران نے ماسٹر پلان کی تیاری کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامی افسران کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب حسین، اسسٹنٹ کمشنر رانا محمد شعیب، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل تنویر احمد، سی او میونسپل کمیٹی عثمان جاوید سرویا، میونسپل آفیسر پلاننگ ملک محبوب عالم، ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شاہد نعیم، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد احمد، پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیزایمپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام (PICIIP)سے ڈاکٹر کرن فرحان، گوکن گوسی، ایوب طارق، ڈاکٹر منصور ہاشمی، کاشف عباس نے شرکت کی۔











