ملتان ،08دسمبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا ہے کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کی ایک ایک انچ زمین کی حفاظت کی جائے گی اور اوور سیز کمیٹی بیرون ممالک رہنے والے پاکستانیوں کے کیسز بارے جو فیصلہ کرے گی اس پر من و عن عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہاراوور سیز پاکستانیز کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر عامرخٹک اور چیئرمین کمیٹی مخدوم اکمل شعیب ہاشمی نے کی۔اسسٹنٹ کمشنرزعابدہ فرید،آبگینے خان اور ممبر کمیٹی رانا شیراز،پولیس،ایم ڈی اے اور واسا کے افسران کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔کمیٹی کے فوکل پرسن محمد زبیر کی طرف سے بریفنگ بھی دی گئی۔ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے کہا کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کے کیسز میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سعودی عرب میں مقیم سائل کا تین سال سے زیر التواءمسئلہ حل کر دیا۔ سائل کو دھوکہ دہی کے ذریعے واسا کی طرف سے ایکوائر کی گئی 12 مرلے زمین فروخت کی گئی تھی۔ڈپٹی کمشنر نے سائل کو فروخت کنندہ کی موقع پر موجود زمین سے12 مرلے کا قبضہ دلانے کا حکم دیا اور کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر مالک اراضی کو طلب کریں اور سائل کو قبضہ دلانے کی کارروائی کریں۔چیئرمین کمیٹی اکمل شعیب ہاشمی نے کہا کہ وطن عزیز کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مرہون منت ہے،حکومت بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کے اثاثوں کی محافظ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیز کو ووٹ کا حق بھی دے گی۔
اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کمیٹی میں اب تک368 کیسز پیش کئے گئے اور جن میں سے 283 سائلین کے کیسز حل کر لئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ 55کیسز سول کورٹ اور 2 ریونیو کورٹ میں زیر سماعت ہیں جبکہ 9 کیسز غیر متعلقہ ہونے کی بناءپر اوورسیز پاکستانیز فاﺅنڈیشن کو واپس بھیج دیئے گئے ہیں۔