پشاور میں فریش جوس میں ملاوٹ اور گرانفروشی پر 18 افراد گرفتار کر لیے گئے: عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں: آفتاب عمر

66

پشاور، 10دسمبر(اے پی پی): محکمہ خوراک نے جوس میں ملاوٹ اور گرانفروشی پر 18 افراد کو گرفتار کرلیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے حاجی کیمپ اڈہ میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو چیک کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی جہاں پر جوس میں نان فوڈ کلر کو ملایا جا رہا تھا جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دو جوس شاپس کے مالکان کو گرفتار کرلیا جبکہ پہاڑی پورہ کے مختلف علاقوں میں سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 16 افراد کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ گرفتار افراد میں نانبائی‘ ہوٹل مالکان‘ سبزی و پھل فروش‘ دودھ و دہی فروش‘ قصائی اور دیگر شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں اس سلسلے میں محکمہ خوراک کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دکاندار سرکاری نرخنامے دکانوں میں نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے سمیت اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے دکانوں کو سیل کیا جائیگا۔