لاہوری اسلام، جمہوریت اور انسانیت کے لیے چلنے والی ہر تحریک کا ہراول دستہ رہے ہیں: فیاض الحسن چوہان

124

لاہور، 14 دسمبر (اے پی پی): وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے محمود خان اچکزئی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے اپنے  ویڈیو پیغام  میں  کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں محمود خان اچکزئی کے لاہوریوں کے متعلق تضحیک آمیز بیانات انتہائی قابل مذمت ہیں جبکہ لاہوری اسلام، جمہوریت اور انسانیت کے لیے چلنے والی ہر تحریک کا ہراول دستہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محمد خان اچکزئی نے ن لیگ کے پلیٹ فارم اور بیگم صفدر اعوان کی موجودگی میں لاہور کی عوام کی توہین کی، حقیقت یہ ہے کہ محمود خان اچکزئی، بلوچی گاندھی عبدالصمد خان اچکزئی کا بیٹا ہے، عبدالصمد خان اچکزئی نے قائداعظم اور تحریک پاکستان کی مخالفت میں کانگریس اور ہندوؤں کا ساتھ دیا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے آج تک نہ پاکستان کو دل سے تسلیم کیا، نہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور نہ جھنڈا لہرایا،محمود خان اچکزئی این ڈی ایس اور را کا ایجنٹ ہے اور کھل کھلا کر پختونستان کی بات کرتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا عبدالصمد خان اچکزئی اور محمود خان اچکزئی نے آج تک انگریزوں کی غلامی کی ہے، بیگم صفدر اعوان، محمود خان اچکزئی اور خواجہ سعد رفیق کے لیے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ۔بیگم صفدر اعوان محمود خان اچکزئی کی جانب سے لاہوریوں سمیت پوری پاکستانی قوم سے معافی  مانگیں۔