لاہور،14دسمبر(اے پی پی):سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ قوم پاکستانی پرچم تلے متحد ہے،انتشار کی کوشش ناکام ہوگی۔
محمود اچکزئی کے بیان پر اپنے پیغام میں غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ محمود اچکزئی کا لاہور اور پنجاب دشمنی کا بیانیہ قابل مذمت ہے۔ سیاست کی آڑ میں صوبائیت کو ہوا دینا کسی طور بھی قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ اچکزئی نے مینار پاکستان پر زندہ دلان لاہور کی کھلم کھلا تضحیک کی ہے۔ اہل لاہور کے خلاف ایسی الزام تراشی کسی بھی سیاسی سوچ کا حصہ نہیں ہو سکتی۔
سینئر وزیر پنجاب کا کہنا ہے کہ اچکزئی تاریخ مسخ نہ کریں،انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ عمران خان کی مخالفت میں اس حد تک جانا نا قابل فہم ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ محمود اچکزئی کے بیان کا پی ڈی ایم کی قیادت کو نوٹس لینا چاہیے۔اپوزیشن ایشوز کی سیاست کرے، غیر ذمہ دارانہ بیان بازی نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اور لاہور کے خلاف بیانات دینے سے کسی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔اچکزئی مذموم ایجنڈے کی تکمیل کیلئے تمام حدیں پارکر رہے ہیں۔











