سید خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 21 دسمبرتک ملتوی

60

سکھر،14 دسمبر ( اے پی پی ):سید خورشیداحمد شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی۔پیر کواحتساب عدالت سکھر کے جج فرید انور قاضی نے ریفرنس کی سماعت کی۔سید خورشیداحمد شاہ کو سخت سکیورٹی میں این آئی سی وی ڈی اسپتال سے ایمبولنس کے ذریعے احتساب عدالت لایا گیا۔خورشید شاہ کے علاوہ دیگر ملزمان بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے ۔

عدالت میں سید خورشید شاہ کے وکیل مکیش کمار اور نیب پراسیکیٹرملک زبیر پیش ہوئے۔عدالت نے مختصر کارروائی کے بعد سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی۔ خورشیداحمد شاہ و دیگر پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔اب گواہان کے بیانات قلمبند کئے جانے ہیں۔فردجرم عائد ہونے کے بعد دو سماعتیں ہوچکی ہیں تاہم ابھی تک کسی گواہ کا بیان قلمبند نہیں ہوسکا۔سید خورشید شاہ ، ان کے دو بیٹوں ،دونوں بیویوں، ایک داماد ، صوبائی وزیر اویس قادر شاہ، ایم پی اے فرخ شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد اثاثہ جات بنانے کا ریفرنس زیر سماعت ہے۔