پشاور، 16دسمبر(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے 16دسمبر سانحہ اے پی ایس کے حوالے سے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول کے شہدا کو بھولے نہیں ہیں جنھوں نے اپنے خون سے تاریخ رقم کی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرمی پبلک سکول شہداء کے لیے وزیر اعلی ہاوس میں منعقدہ قران خوانی کی محفل میں کیا جس میں ختم القرآن پاک کے بعد شہدائے آرمی پبلک سکول کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی گئی، ساتھ ہی ملک میں دیرپا امن ، ترقی اور خوشحالی اور ملک میں کورونا وبا کے خاتمے اور کورونا کے مریضوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں نے قوم کو طاقت دی اور دہشت گردوں کو شکست سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہدا کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، خیبر پختونخوا کی عوام پاک فوج، پولیس اور تمام معصوم شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
اس موقع پر قرآن خوانی اور دعائیہ مجلس میں وزیر اعلی محمود اور معاون خصوصی کامران بنگش کے علاوہ دیگر ارکان نے بھی شرکت کی۔











