پشاور ۔16دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوںکو یقین دلایا ہے کہ آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کے لئے ان کی مدد کی جائے گی، ملکی ترقی میں سمال اینڈمیڈیم انٹرپرائزز کا اہم کردارہوتا ہے جسے ماضی میں نظر انداز کیا گیا، ایک ایساسسٹم لانے کی ضرورت ہے جہاں بینک نوجوانوں کے بزنس آئیڈیاز کے لئے مکمل تعاون کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پشاور میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کی استعداد سے استفادہ کرنا ہے۔ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے نوجوان لائیو سٹاک کے شعبہ کی ترقی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نوجوان سائنسی بنیادوں پر اس شعبے کی ترقی کے لئے کام کریں گے جس سے ملک میں دودھ اور لائیو سٹاک کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم دودھ کی پیداوار دوگنی کرنے میں کامیاب ہو گئے تو آبادی کے بڑے حصہ کو فائدہ ہو گا۔ قبائلی علاقہ کے نوجوانوں کو بھی روزگار کے لئے قرضے دیئے جائیں گے جو پیچھے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کا اگلا پروگرام جنوبی وزیرستا ن میں ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کے پی کے میں سیاحت کے فروغ کے بڑے امکانات ہیں، حکومت نے تنخواہ دار طبقے کے لئے سستے گھر بنانے کا منصوبہ دیا ہے، کامیاب نوجوان پروگرام سے نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار شروع کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا دوسرابڑا ملک ہے جہاں نوجوانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جن کے لئے حکومت نے مختلف پروگرام شروع کئے ہیں۔ ہماری ابھی شروعات ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دوکان یا ہوٹل بنانے کے لئے بینکوں سے قرضوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے آئیڈیاز کی ضرورت ہوتی ہے جس کے بعد اس پر کام ہو تا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز پر توجہ نہ دی گئی۔ بینکوں کو بھی مسائل کا سامنا تھا اور نوجوانوں کو قرضے نہیں مل رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں سلیکین ویلی نے آئی ٹی کی ترقی کے لئے بڑاکردارادا کیااور صرف 20، 25افراد نے یہ آئیڈیا دیااور دیکھتے ہی دیکھتے وہ دنیا کے امیر آدمی بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان سے باہر پاکستانیوں کو دیکھنے کا موقع ملا ہے۔ سیاست میں آنے سے پہلے کرکٹ کے دوران ان سے ملاقات ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سسٹم کے تحت نوجوانوں کی مدد کی جائے۔ ہم اگلے مرحلے میں جنوبی وزیرستان کے جوانوں کو بھی قرضہ دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ لائیو سٹاک کے شعبے میں بھی لوگ آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور یورپی ممالک میں لائیو سٹاک میں بڑی ترقی کی ہے جہاں دودھ کی پیداوار 6 گنا ہے اورہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں لائیو سٹاک ترقی کرے اور دودھ کی پیداوار دگنی ہو۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں خوبصورت سیاحتی مقامات ہیں جہاں گرمیوں میں سیاحت میں اضافہ ہوتا ہے اور سردیوں میں سکی کو فروغ دیاجا سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صرف سویٹزرلینڈ میں سکی کی ٹورازم سے 80 ارب ڈالر کی آمدن ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آئی ٹی کے شعبے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جو تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے کامیاب درخواست دہندگان میں چیک تقسیم کئے۔
فاروق











