ملتان، 18 دسمبر(اے پی پی):حکومت کی بہترین حکمت عملی اور مقامی اجناس کی مارکیٹ میں آمد سے مہنگائی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور اشیائے ضروریہ اور سبزی کے نرخوں میں واضح کمی آ گئی ہے،ایک ماہ کے دوران ٹماٹر،پیاز اور آلو کے نرخ 50فیصد تک گر گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کے نرخوں کا تقابلی جائزہ بارے اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں پرائس مجسٹریٹس اورسیکرٹری مارکیٹ کمیٹی عبدالخالق ناصر نے شرکت کی۔
اجلاس میں ماہ نومبر اور دسمبر میں اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایک ماہ کے دوران ٹماٹر کے نرخ میں100 روپے فی کلو کمی واقع ہوئی ہے،نومبر میں ٹماٹرکا نرخ 180 روپے کلو تھا جبکہ دسمبر میں80 روپے کلو فروخت ہورہا ہے،آلو کا ریٹ 85 روپے کلو گرام سے کم ہو کر50 روپے فی کلو ہو گیا ہے،پیاز75 روپے کلو سے گر کر44روپے فی کلو پرچون میں فروخت ہو رہا ہے جب کہ تمام موسمی سبزیاں اوسطاً 20 روپے سے 30 فی کلو مارکیٹ میں فروخت ہو رہی ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں پھلوں کی بھرپور پیداوار کی وجہ سے امسال نرخ انتہائی اعتدال پر رہے ہیں،دالوں اور چاول کے نرخوں میں بھی واضح کمی آئی ہے،باسمتی کرنل چاول کے نرخ 20 روپے فی کلو گر گئے ہیں،باسمتی کرنل کچی اور پکی کی قیمت138 روپے کم ہو کر118 روپے فی کلو ہو گئی ہے،دالوں میں مسور 10روپے،چناباریک7روپے، ماش موٹی11روپے اور ماش دھلی7 روپے فی کلو نرخوں میں کمی آئی ہے،110روپے فی کلو میں فروخت ہونیوالی چینی اب
78روپے کلو میں دستیاب ہے
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کااشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں واضح کمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت کی بہتر حکمت عملی اور انتظامیہ کی بھر پور مانیٹرنگ کے نتائج سامنے آ گئے ہیں،غلہ منڈی اور سبزی و فروٹ منڈی میں ڈیمانڈ اور سپلائی کی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے،سبزی منڈی میں کاشتکاروں کوکسان پلیٹ فارم پراجناس فروخت کرنیکا پورا موقع دیا جائے،کسان پلیٹ فارم سے کاشتکار اور صارف دونوں کو فائدہ ہورہا ہے۔
عامر خٹک نے مزید کہا کہ پرائس مجسٹریٹس اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کے لئے مہم جاری رکھیں۔