اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان میڈیکل کمیشن کے نائب صدر علی رضا نے کہا ہے کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے تمام درخواست گزاروں کے پیپرز مشین سے چیک کئے گئے ہیں ۔جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 16 تاریخ کو نتائج ریلیز کرکے شکایات موصول ہونے پر دوبارہ چیک کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چالیس کے قریب شکایات موصول ہوئیں کہ ان میں سے کسی کا رول نمبر آرہا تھا جبکہ کسی کا نام نہیں آرہا تھا۔علی رضا نے کہا کہ تمام پیپر مشین سے چیک کئے گئے تھے اور تمام کا تمام ٹسیٹ کمپوٹر بیس تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام نتائج فسکلی چیک کرنا پڑے اور کئی بچوں نے شیٹ پر رول نمبر ہی غلط لکھ دیا تھا۔ ہم نے تمام ایڈمٹ کارڈ اور ڈیٹا نکال کر ویری فائی کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن نام کے لحاظ سے تھی جو آنسر شیٹ پر نام تھا کمپیوٹر نے اسی کا نتائج دیا ہے۔











