اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے پیر کو یہاں ملاقات کی اور مسئلہ کشمیر پر قومی بیانیہ بنانے میں مدد کے لئے کشمیر کمیٹی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے شہریار آفریدی کو کشمیر میں پارلیمانی کاکسز اور متعلقہ فورموں سے لابنگ اور بات چیت کا آغاز کرنے کی ذمہ داری سونپ دی ۔شہریار آفریدی نے وزیر اعظم کو بتایا کہ کشمیر کمیٹی نے مسئلہ کشمیر سے متعلق عوامی شعور کو بڑھانے کے لئے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اپنے تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دے کر قومی سطح پر کشمیر پر مباحثے میں نئے اقدامات کو شامل کیا ہے۔انہوں نے ثقافت ، ٹیکنالوجی ، سیاحت ، کھیل ، اکیڈمیہ اور دیگر سے متعلق مشاورتی بورڈز کے قیام پر بریفنگ دی تاکہ وہ کشمیر پر بھارتی ناجائز تسلط کو بے نقاب کرنے کے لئے کشمیر کاز میں نئی روح پھونک سکے۔ وزیر اعظم نے کشمیر کمیٹی کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور انہیں مسئلہ کشمیر پر آگاہی کیلئے اپنا وژن اور نئے رہنما خطوط فراہم کئے











