پاکستان اور چین کے مابین دیرینہ تعلقات نئے عہد میں داخل ہو گئے ہیں:  چیئرمین سینیٹ

90

اسلام آباد،24دسمبر  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین دیرینہ تعلقات خطے کی معاشی اور سماجی ترقی کیلئے نئے عہد میں داخل ہو گئے ہیں،  پاکستان چین کے ساتھ اپنی فقید المثال دوستی پر فخر کرتا ہے، پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے باہمی تعلقات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں  چین کے سفیر نونگ رونگ  سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

   ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے کہا  کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی فقید المثال دوستی پر فخر کرتا ہے۔  پارلیمانی سفارتکاری اہم دوطرفہ روابط کو مضبوط بنانے میں موثر کردار ادا کرتی ہے۔  دونوں ملکوں کے مابین ادارہ جاتی معاونت کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔   عوامی سطح پر دوطرفہ روابط کو مزید استحکام دینے سے دیرینہ شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔

 صادق سنجرانی نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کے مابین برادرانہ تعلقات کے استحکام اور علاقائی ترقی کیلئے مشترکہ وژن کا نتیجہ ہے۔  سی پیک خطے بلکہ علاقائی خوشحالی اور تعمیر و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کی بھر پور استعداد رکھتا ہے۔

  اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ  پاکستان چین کیلئے انتہائی اہم ملک ہے۔ دونوں ملکوں کا ترقی و خوشحالی کا وژن مشترکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ  سی پیک کے منصوبے سے یہ خطہ بین الاقوامی تجارت کا مرکز بن جائےگا۔