ملتان؛ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نےکمپنی کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنےکی نویدسنا دی

85

ملتان، 24دسمبر(اے پی پی): ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر فخرالاسلام ڈوگر نےکمپنی کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنےکی نویدسنا دی۔

ایم ڈی نے منیجرز اور ڈپٹی منیجرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے مفادات کا ہر فورم پر تحفظ کیا جائے گا۔

کمپنی سرکاری اور نجی ہسپتالوں کا میڈیکل ویسٹ ٹھکانے لگانے کے لئے انسنی ریٹر کا انتظام کرے گی اور کہا کہ کمپنی نجی اور سرکاری ہسپتالوں کا میڈیکل ویسٹ تلف کرنے کے حوالے سے معاوضہ لے گی۔

 ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ ذرائع آمدنی بڑھانے کے لئے بڑے تعلیمی اداروں اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی رجسٹریشن کی جائے گی اور کہا کہ ریونیو جنریشن پلان کے لئے کنسلٹنٹ پر رقم خرچ کرنے کے بجائے کسی کمپنی کا ماڈل اپنایا جائے گا، ورکرز اور منیجرز کو ترقی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

 ایم ڈی نے کہا کہ ورکرز اور منیجرز کے آگے بڑھنے سے کمپنی ترقی کے منازل طے کرے گی اور کہا کہ ترقیوں کے بعد خالی آسامیوں پر نئے لوگ بھرتی کئے جائیں گے۔

فخرالاسلام ڈوگر  نے ورکرز کو فوری طور پر دستانے اور ماسک فراہم کرنیکا حکم بھی جاری کیا اور کہا کہ ورکرز کو سرد موسم کومدنظر رکھتے ہوئے بہترین گرم جیکٹ فراہم کرنے کا پراسس شروع کیا جائے۔

 ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر  نے کہا کہ ورکرز کو بہترین جیکٹس فراہم کی جائیں جو منیجرز اور ایم ڈی بھی پہن سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی ورکشاپ اور پارکنگ یارڈ کی بلڈنگز کی تزئن و آرائش کی جائے جبکہ گاڑیوں کی سروس کے لئے فوری طور پر دو سروس اسٹیشنز تعمیر کئے جائیں۔