صوبہ میں زیتون اور بیری کی کاشت کو فروغ دینے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہوں: گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان

155

پشاور،24دسمبر(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی زمین زیتون اور بیری کی کاشت کیلئے انتہایئ زرخیز ہے اور زیتون کی وسیع پیمانے پر کاشت سے ہم معیاری زیتون کا تیل دنیا کو ایکسپورٹ کرسکتے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان آج صوبہ میں زیتون اور بیری شہد کی پیداوار کو فروغ دینے سے متعلق اعلی سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جسمیں گورنر نے زیتون کی پیداوار بڑھانے اور معیاری شہد کیلئے بیری کی وسیع پیمانے پر کاشت کیلئے محکمہ زراعت اور جنگلات و ماحولیات کو جامع عملی پلان تشکیل دینے اور بیری کی کاشت کیلئے پشاور کے مضافاتی علاقے بڈھ بیر اور جنوبی اضلاع کوہاٹ، ہنگو، کرک اور ڈی آئی خان سمیت دیگر موزوں علاقوں کا جلد انتخاب کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں متعلقہ حکام نے گورنر کو بتایا کہ زیتون اور بیری کی کاشت کی زمہ داری، دیکھ بھال اور تربیت محکمہ جنگلات اور محکمہ زراعت ادا کریگا۔

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے اجلاس کو بتایا کہ معیاری زیتون کے تیل اور خالص بیری شہد کیلئے ہمیشہ زیتون اور بیری کی کاشت کی اہمیت ہر فورم پر بتاتا رہا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے بلین ہنی پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا میں بیری شہد کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ کریں گے۔ بیری کی کاشت کو فروغ دے کر نہ صرف خالص معیاری  شہد حاصل ہو گا بلکہ مقامی افراد کو روزگار میسر آئے گا اور اسکے لئے صوبہ میں بیری شہد کی پیداوار  کو فروغ دینے کیلئے ھنی ایسوسی ایشن سے رابطہ کیا جائیگا۔