ملتان ، 25 دسمبر (اے پی پی ):ڈسڑکٹ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیر اہتمام جاری کرسمس سپورٹس گالا میں ایک دوستانہ فٹبال میچ ملتان مسیح وائٹ اور ملتان گرین کے مابین کھیلا گیا، جس میں ملتان وائٹ نے ملتان گرین کو دو کے مقابلے میں پانچ گول کرکے تین گول سے شکست دی۔ اس میچ کے مہمان خصوصی بشپ آف ساوتھ پنجاب لیو راڈریک پال، میاں جاوید قریشی صدر ملتان ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ،رانا ندیم انجم ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان اور شفقت علی تھے۔
اس موقع پر عدنان نعیم ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی بھائیوں کے لیے کرسمس کے موقع پر سپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ مسیحی بھائی سپورٹس کے میدانوں میں بھی اپنی خوشی مناسکیں۔
میاں جاوید قریشی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان نے پہلی بار اس طرح کے سپورٹس گالا منعقد کرکے کھلاڑیوں کے دل جیت لئے اور اس کا سہرا عدنان نعیم کے سر جاتا ہے۔
بشپ آف ساؤتھ پنجاب لیو تاریک پال نے کہا کہ میں تمام مسیحی برادری کی طرف سے ڈسڑکٹ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کرسمس اسپورٹس گالا کا انعقاد کرکے ہمارے دل جیت لئے، ان کا یہ جذبہ قابل تحسین ہے۔
اس موقع پر انٹر نیشنل فٹبالر رانا باقر علی. انٹر نیشنل کوچ فٹ بال رانا نوید اکرم. نوید قریشی اسامہ قادری اور ارسلان گولڈ بھی موجود تھے ،آخر میں کھلاڑیوں کا معزز مہمان خصوصی کے ساتھ گروپ فوٹو ہوا اور کرسمس کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔











