قائد اعظم کا 145ویں یوم پیدائش،گورنمنٹ کامرس کالج قلعہ سیالکوٹ میں تقریب کا انعقاد

107

سیالکوٹ،25دسمبر( اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام گورنمنٹ کامرس کالج قلعہ سیالکوٹ کے سبزہ زار میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 145ویں یوم پیدائش کے سلسلہ میں ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ذیشان جاوید لاشاری، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسد حسن علوی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فاروق اکمل، اے ڈی سی فنانس فاروق صادق، اے سی سونیا صدف سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں طالبات نےبیاد قائد ملی نغمے بھی پیش کئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےصوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن چودھری محمد اخلاق نے کہا کہ قائد کے افکار اور فرمودات پر عمل کرکے ملک کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنایا جاسکتا ہے، قائد کی زندگی مسلسل جدوجہد کا عملی نمونہ ہے۔انہوں نے قیام پاکستان کیلئے ایمان، اتحاد اور تنظیم کا عملی مظاہرہ کیا اور جرات اور بہادری سے پاکستان کا مقدمہ لڑا  جس میں اللہ کی مدد شامل حال رہی اور ہمیں پاکستان جیسی عظیم ریاست اور آزادی  کی نعمت نصیب ہوئی۔

 چودھری محمد اخلاق نے کہا کہ نئی نسل قائد کے نقش قدم پر چل کر  وطن عظیم کے نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنا سکتی ہے۔

تقریب کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی جبکہ قائد اعظم کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔