کراچی،25دسمبر(اے پی پی): پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری کا مذہبی تہوار کرسمس آج روایتی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جارہا ہے،کرسمس کے موقع پر کراچی شہر کے تمام چھوٹے بڑے گرجا گھروں میں دعائیہ تقاریب منعقد کی گئیں جن میں ملک کی سلامتی و استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
سندھ پولیس نے کرسمس کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامیہ کر رکھے ہیں، عبادت گاہوں میں آنے والے مسیحیوں کو جامع تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت دی گئی،پولیس افسران سکیورٹی انتظامات چیک کرنے کے لئے پیٹرولنگ بھی کرتے رہے۔
مسیحی برادری کے افراد نے کرسمس کی تقریبات کو سادہ انداز میں مناتے ہوئے گرجا گھروں میں اپنی رسومات ادا کیں۔ اس سلسلے میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا گیا۔ اس موقع پر گرجا گھروں میں کرسمس ٹریز اور سٹارز کو سجایا گیا تھا، مسیحی برادری کی جانب سے آپس میں تحفے تحائف کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
اے پی پی/کراچی/قرۃالعین











