اوکاڑہ،25 دسمبر ( اےپی پی):اوکاڑہ پریس کلب کے زیر اہتمام ساہیوال ڈویژن ورکنگ جرنلسٹس کی کارکردگی کے اعتراف میں پہلی بار تقریب منعقد کی گئی۔جس میں سابق صدر اوکاڑہ پریس کلب شہباز ساجد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پیشہ ورآنہ فرائض کے ساتھ اپنی جان کی حفاظت کےلئے حکومتی ایس او پیز پر عمل کریں،آپس میں اتفاق ،اتحاد اور سچ کا بول بالا کریں۔اس موقعہ پر تقریب کے میزبان صدر اوکاڑہ پریس کلب شہباز شاہین نے ساہیوال ڈویژن کی تینوں اضلاع سے شرکت کرنے والے صحافیوں کا خیر مقدم کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور صحافیوں میں ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کروائے۔اس موقع پر مشترکہ رائے سے یونین آف جرنلسٹس ساہیوال ڈویژن کی تشکیل نو کی گئی جس میں ضلع ساہیوال سے نوید غنی صدر، ضلع پاکپتن سے افتخار بھٹی اور ضلع اوکاڑہ سے منیر چوہدری کو چیئرمین کا عہدہ دیا گیا۔ تقریب میں دیپالپور، رینالہ خورد، ہڑپہ،ساہیوال، حویلی، پاکپتن،شیر گڑھ، بصیرپور،الہ آبا، راجووال سمیت دیگر شہروں سے صحافیوں نے نمائندگی کی۔آخر میں چیئرمین اوکاڑہ پریس کلب چوہدری ظفر اقبال نے یو او جے ساہیوال ڈویژن کے نئے عہدیداروں کو مبارکباد کے ساتھ ہارپہنائے۔