ملتان ۔26دسمبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملتان قمرالزماں قیصرانی نے کہا ہے کہ حکومتی احکامات پر عمل درآمد کرانا ضلعی انتظامیہ کا فرض ہے ، بھٹہ مالکان اپنے بھٹوں کو فوری طور پر جدید زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کریں، انہیں اب مزید مہلت نہیں دی جا سکتی۔ بھٹہ مالکان کو زگ زیگ ٹیکنالوجی بارے معلومات دیں اور انہیں بجٹ کے حوالے سے بھی مختلف آپشنز دیئے جائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں بھٹہ مالکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ظفر اقبال، بھٹہ ایسوسی ایشن کے رہنما نادر خان سمیت تمام بھٹہ مالکان نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قمرالزماں قیصرانی نے کہا کہ ہم حکومتی احکامات کے مطابق ماحول کو آلودگی سے پاک کرنا چاہتے ہیں، روایتی بھٹے اس میں رکاوٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک کے شہریوں نے آلودگی کے باعث پاکستان آنا چھوڑ دیا ہے، حکومت نے اپنے ماحول اور عالمی قوانین کو دیکھنا ہے اور دنیا کے ساتھ جینا اور چلنا ہے۔ بھٹہ مالکان کو جدید ٹیکنالوجی بارے کئی سال دیئے گئے ،اب ہم حکومتی احکامات پر ضرور عمل درآمد کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام ہر چیز کو اعتدال میں رکھنا ہے، اب ہم بھٹہ مالکان کو مزید مہلت نہیں دے سکتے ، ہمارے پاس احکامات پر عمل درآمد کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ اجلاس میں بھٹہ مالکان نے کہا کہ وہ شدید مالی بحران کا شکار ہیں انہیں جون تک مہلت دی جائے جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ ان کی درخواست کو آگے پہنچائیں گے۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ روایتی بھٹوں کی نسبت زگ زیگ ٹیکنالوجی کا خرچہ انتہائی کم ہے، جدید ٹیکنالوجی سے کوئلے کے استعمال میں خاطر خواہ کمی ہوتی ہے جبکہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بھٹے کی لاگت 10 لاکھ روپے پلس ہے اور یہ ڈیڑھ ہفتے میں کنورٹ ہوجاتا ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بلور بھٹہ کے ڈیزائن کے مطابق بنایا جائے تو 90 فیصد اینٹیں اچھی نکلتی ہیں، بلور کو پیٹر کی بجائے جنریٹر پر چلانا بہتر ہے۔