جیکب آباد ، 28 دسمبر (اے پی پی ):ایس ایس پی محمد طارق نواز کی ہدایات کے تحت امن و امان کو قائم رکھنے کیلئے پولیس اور شہباز ایئرفورس نے مشترکہ فلیگ مارچ کیا ۔ جس میں حساس ادارے کے افسران و جوانوں نے حصہ لیا۔
فلیگ مارچ کا آغاز شہباز ایئربیس گیٹ سے ہوا جو سب ڈویژن سٹی اور صدر کے مختلف علاقوں اسپیشل فورس روڈ، افضل خان کوسو روڈ، سومرا شاخ روڈ، نور واھ، ٹھل روڈ، شکارپور روڈ سمیت شہباز ائربیس کے گرد والے علاقوں سے ہوتا ہوا ون فائیو مددگار بیس پر اختتام پذیر ہوا۔
ایس ایس پی محمد طارق نواز کا کہنا تھا کہ فلیگ مارچ کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہے اور عوام میں تحفظ کا احساس اور شر پسند عناصر کو یہ پیغام دینا ہے کہ ضلع جیکب آباد کی پولیس اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہر طرح کے چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔











