حکومت کی منظوری کے بغیربھٹوں کو چلانے کیلئے زگ زیگ کے متبادل کسی  ٹیکنالوجی کو قبول نہیں کیا جائے گا؛ ڈپٹی کمشنر ملتان

151

ملتان، 2جنوری(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے کہ ضلع ملتان میں کسی روایتی بھٹہ کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، زگ زیگ کے متبادل ٹیکنالوجی کو قبول کرنے بارے کوئی فیصلہ نہیں ہوا، حکومت کی طرف سے صرف زگ زیگ ٹیکنالوجی کے حامل بھٹوں کو چلانے کی اجازت ہے۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے بھٹہ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں واضح کر دیا۔  ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھٹہ ایسوسی ایشن کی درخواست پر محکمہ ماحولیات کی موبائل لیب کو ملتان طلب کیا گیا تھا، موبائیل لیب نے متبادل ٹیکنالوجی کے حامل ایک بھٹے کے سیمپل حاصل کر لئے ہیں جس کی لیبارٹری رپورٹ کا انتظار ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے منظوری کے بغیر کسی متبادل ٹیکنالوجی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ روائتی اور متبادل ٹیکنالوجی پر چلنے والے تمام بھٹے بند رکھے جائیں، فی الوقت حکومت کی طرف سے صرف زگ زیگ ٹیکنالوجی پر بھٹے چلانے کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی عملداری چیلنج کرنیوالوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، بھٹہ ایسوسی ایشن حکومت کی طرف سے حتمی فیصلے تک غلط افواہیں پھیلانے سے گریز کرے۔

 اے ڈی سی ریونیو محمد طیب خان نے کہا کہ حکومت نے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کیلئے قرضہ سکیم کا اعلان کیا ہے، ہر بھٹہ مالک کو7 سال کی مدت کے لئے 10 لاکھ روپے قرضہ دیا جائے گا اور قرضے کے لئے15 مارچ سے آن لائن  درخواستوں کی وصولی شروع کر دی جائے گی،قرضوں کے اجراء کے لئے ہر تحصیل کی سطح پر سنٹر قائم کئے جائیں گے۔

ملاقات میں اے سیزعابدہ فرید اور محمدزبیر سمیت چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ،ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ظفراقبال بھی موجود  تھے۔