صوبائی وزیر برائے وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم حاجی اجمل چیمہ کاچنیوٹ کا دورہ 

157

چنیوٹ،02جنوری(اے پی پی): حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر برائے وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم حاجی اجمل چیمہ نے چنیوٹ کا دورہ کیا، مقامی شوگر ملز گئے اور کسانوں کو گنے کی پیمنٹ کے سی پی آر جاری کرنے کے عمل کا جائزہ لیا، انہوں نے ملز کے کنڈوں پر وزن کو بھی چیک کیا۔

اس موقع پر انہوں نے وہاں موجود کسانوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق کسانوں کا استحصال ہر گز نہیں ہونے دیں گے۔

بعد ازاں صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر محمد ریاض کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں انہوں نے انسداد کرونا، شوگر ملز میں چینی کے اسٹاک و پیمنٹس اور پرائس کنٹرول مکینزم پر عمل درآمد کا جائزہ لیا،اجلاس کو ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے تفصیلی بریفنگ دی۔

 صوبائی وزیر نے سہولت بازار کا دورہ بھی کیا اور وہاں چیزوں کی قیمتوں، معیار اور دستیابی کا جائزہ لیا۔

 اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر چنیوٹ آئے ہیں، سہولت بازاروں میں آٹا، چینی و دیگر اشیاء مقرر کردہ سرکاری نرخوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں، کسی چیز کی قلت نہیں ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کیے گئے بہترین اقدامات کو سراہا۔

صوبائی وزیر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں قائم کی گئی پناہ گاہ اور ایمرجنسی وارڈ کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وہاں آئے مریضوں اور انکے لواحقین سے علاج معالجہ کی سہولیات اور عملہ کے تعاون بارے بھی دریافت کیا۔اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر اور ایم ایس ڈاکٹر محمد اعظم نے صوبائی وزیر کو ہسپتال میں دی جانے والی سہولیات بارے آگاہ کیا۔