لاہور،04جنوری (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے اراکین اسمبلی سردار مہندرپال اور عابدہ راجہ نے پیر کو یہاں ملاقات کی ۔ ملاقات میں گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ عمران خان بطور وزیر اعظم اور حکومت دونوں اپنی آئینی مدت مکمل کریں گے، قانون کی بالادستی حکومت کی ذمہ داری ہے جو ہر صورت پوری کی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتیں ایک دوسرے سے ”ہاتھ ”کر رہی ہیں،ہر اپوزیشن جماعت بس اپنا ”فائدہ ”چاہتی ہے انکو عوام کی فکر نہیں ہے ۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ انشاء اللہ سینٹ اور عام انتخابات دونوں اپنے وقت پر ہی ہوں گے، موجودہ حکومت نے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج تمام عالمی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کر رہے ہیں ۔
گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان آج جب کامیابی سے آگے جارہا ہے تو اپوزیشن کو یہ برداشت نہیں ہورہا ہے،سیاسی مخالفین جمہوریت اور حکومت کو عدم استحکام کاشکار کر نے کی سازشیں کررہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم سیاسی مفادات کیلئے عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے ، پی ڈی ایم جلسوں کے ذریعے عوام کیلئے کورونا کو ”دعوت ”دے رہی ہے ۔
گورنر نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے. بھارت میں اقلیتوں کےساتھ انسانیت سوز سلوک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر شعبے میں حکومت اقلیتوں کو ان کا حق دے رہی ہے۔











