لاہور، 5 جنوری (اے پی پی):وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ سماجی بہبود کے نیٹ ورک کو نچلی سطح تک مضبوط بنانا ہوگا ۔این جی اوز کی سماجی سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے،نئے قانون کے ذریعے این جی اوز کے کردار کو مزید ریگولیٹ کیا جائے گا اور خصوصی افراد اور این جی اوز کیلئے آن لائن رجسٹریشن سسٹم کا آغاز کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے منگل کویہاں اپنی زیرصدارت منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر حسن اقبال، ڈائریکٹر جنرل شاہد نیاز نے نئے مسودہ قانون پر بریفنگ دی۔
وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال نے کہا کہ نئے ایکٹ کو ایف اے ٹی ایف کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا رہا ہے،سماجی بہبود کے بغیر فلاحی معاشرے کے قیام کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ رواں سال 7 شہروں میں پناہ گاہوں کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے ۔تونسہ، بہاولپور، سرگودھا، ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد اور ساہیوال میں پناہ گاہیں بنیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ لاہور اور راولپنڈی میں تشدد زدہ خواتین کی امداد کے مراکز کیلئے 19 ملین روپے مختص ہوگئے ہیں ، صنعت زاروں اور قصرِ بہبود کی اپ گریڈیشن کیلئے 45 ملین روپے کا منصوبہ بن گیا۔











