وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس

114

اسلام آباد، 07 جنوری (اے پی پی ):وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹینینٹ جنرل (ر) انور علی حیدر  اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی جبکہ  گورنر سندھ عمران اسماعیل، مشیر وزیرِ اعلی پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ،  چیئرمین راوی اربن ڈویلیپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز اور صوبائی چیف سیکریٹریز کی وڈیو لنک کے ذریعے شرکت۔

اجلاس میں راوی سٹی کے حوالے سے ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کی منظوری پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ماحولیاتی تحفظ کے پیش نظر منصوبے کے ہر مرحلے میں بوٹینیکل گارڈنز کی تعمیر یقینی بنائی جائے گی، منصوبے کے حوالے سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے بات چیت کا سلسہ جاری ہے جس کے مثبت نتائج جلد متوقع ہیں، منصوبے کیلئے ویسٹ ٹو انرجی ( فُضلے سے بجلی) بنانے کیلئے بین الاقوامی کمپنی سے مفاہمتی یادداشت پر جلد دستخط کر دیئے جائیں گے۔

 راوی سٹی منصوبے میں استعداد بڑھانے کیلئے منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے، زمین کی خریداری کے حوالے سے سامنے آنے والے تمام مسائل حل ہو چکے ہیں اور ترقیاتی کاموں کیلئے تین بیس کیپمپس کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے۔

وزیرِ اعظم نے منصوبے پر پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے طے شدہ اہداف کو مقررہ وقت پر پورا کیا جائے اور ماحولیاتی تحفظ کے تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اس میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔