وزیر عظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ڈیویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس

118

اسلام آباد، 07 جنوری(اے پی پی):وزیر عظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ڈیویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس  ہوا ،  چئیرمین سی ڈی اے نے اجلاس کو سیکٹر ای الیون میں تعمیرات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اس سیکٹر کے منصوبوں کے لیے الگ قوانین بنا لیے گئے ہیں اور زیر التوا منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا،تمام نئی تعمیرات میں پارکنگ اور گزرگاہ کے لیے مناسب فاصلے کا خاص خیال رکھا جائے گا۔اجلاس  کو   نیو بلیو ایریا منصوبے کے بارے بھی بریفنگ دی گئی۔

چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے صوبے کے 11 بڑے شہروں کے ماسٹر پلان کے حوالے سے بریف کیا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ  قبائلی اضلاع میں 8 مقامات کے لئےماسٹر پلاننگ کا عمل جاری ہے۔ بتایا گیا کہ صوبہ میں شہری ترقی کے منصوبوں کے لیے مالی سال 2020-21 میں 242 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں سے دسمبر 2020 تک 61 ارب روپے خرچے جا چکے، شہری ترقی کے لیے قانونی اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

چیف سیکریٹری سندھ نے تعمیرات منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم کی جانب سے عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کے شہری ترقی اور تعمیرات میں ماحولیاتی تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے، سبزے کو حتیٰ الامکان بچایا جائے بلکہ اس میں اضافہ کیا جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تعمیرات سیکٹر سے معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومتیں مراعات میں توسیع سے بھر پور فوائد حاصل کریں گی۔