کوئٹہ،7جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر پاک افغان بارڈر کو تجارتی مقاصد کے لئے 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی تجویز پر سنجیدہ غور جاری ہے یہ اقدام سرحدی علاقے کے تاجروں اور مزدور پیشہ افراد کو روزگار کے مواقعوں کی فراہمی کے لئے تجویز کیا گیا ۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز یہاں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی ہدایات کے پیش نظر پاک افغان بارڈر چمن باب دوستی کو 24 گھنٹے ٹریڈ کے لیے کھلا رکھنے اور سرحدی علاقے کے مقامی تاجروں اور خصوصاً لیبرز کو روزگار کے حصول میں مزید آسانیاں فراہم کرنے کے لیے اقدامات کو حتمی شکل دینے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں بعض اہم نوعیت کے فیصلے بھی کئے گئے۔
اجلاس میں نمائندہ خصوصی وزیراعظم برائے امور افغانستان محمد صادق ،رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی،شندانہ گلزار، نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک، چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر اور متعلقہ اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔











