سکھر:بھارتی جارحیت کے خلاف وائس آف یوتھ کی جانب سے ریلی نکالی گئی

61

سکھر،08جنوری(اے پی پی ):وائس آف سکھر یوتھ کے زیر اہتمام کشمیر میں بھارتی جارحیت اور مسلسل کرفیو نافذ کر کے انسانی حقوق کی پامالی  کیخلاف کارکنان کی کثیر تعداد نے وائس آف سکھر یوتھ کے چیئرمین فراز سومرو کی قیادت میں سکھرگلوب چوک سے سکھر پریس کلب تک ریلی نکالی ، ریلی میں وائس آف سکھر یوتھ کے مرتضیٰ مہر ، علی رانا ، نجم سیٹھی ، مجاہد علی ، آصف شیخ و دیگر بھی شامل تھے۔ شرکاءریلی نے ہاتھوں میں کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کے خلاف تحریری پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

اس موقع پر شرکاءریلی نے کشمیری مسلمانو ں سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں بے گناہ کشمیری مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے لیکن افسوس عالمی برادری کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ، پاکستان کی عوام اپنے کشمیری مسلمان بھائیوں کیساتھ ہے ۔انہوں نے کہا  کہ  پاکستان کی افواج اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے اور پاکستان کی عوام اپنی افواج پاکستان کیساتھ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے ساتھ کھڑی ہے۔

 شرکاءریلی نے اقوام متحدہ سمیت دیگر مسلم ممالک کے سربراہان سے کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیکر کشمیری مسلمانوں کو بھارت کے مظالم سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔