مظفر گڑھ، 9جنوری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نےبچے کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلا کر رواں ماہ کی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔
ضلع کونسل کے جناح آڈیٹوریم میں اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں یونین کونسلوں کے میڈیکل افسران اور فیلڈ سٹاف سے خطاب کرتے ڈپٹی کمشنر نے شعبہ صحت میں خدمات فراہم کرنا بھی دیگر خدمات سے بہتر ہے، اس شعبہ میں کام کرنے والے اگر ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں تو دنیا او ر آخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پولیو ورکرز میری ٹیم کا اہم حصہ ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلاتے ہیں اور بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممبران دل سے کام کریں اور ہر بچے کو اپنا بچہ سمجھیں، اپنی خامیوں پر بھی نظر رکھیں اور ان کو دور کریں اور اپنے کام کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے اپنی تجاویز دیں تاکہ مطلوبہ مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں سب سے بہتر علم طب کا علم ہے، یہ انسانیت کی خدمت کا علم ہے اور انسانیت کی خدمت ہی سب سے بڑی نیکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ آئندہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور ٹیم ممبران کو ایک بنیادی تنخواہ انعام کے طور پر دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے ساتھ ساتھ معمول کی حفاظتی ٹیکہ جات کے عمل کو بھی بہتر کیا جائے، ہر بچے کو وقت پر متعلقہ حفاظتی ٹیکہ لگایا جائے تاکہ بچے مستقل طور پر موذی امراض سے محفوظ رہیں، یہ سب ہماری ہی ذمہ داری ہے۔
سی ای او صحت ڈاکٹر مہر محمد اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیو ورکرز ہمارے ہیرو ہیں، انسداد پولیو مہم کی کامیابی ان کی مرحون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین انسان دوست آفیسر ہیں جو ہمارے صحت کے نظام کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے ہماری رہنمائی کرتے رہتے ہیں۔
ڈاکٹر کاظم حسین نے کہا کہ پولیو ایک مستقل مرض ہے جس سے پورا خاندان متاثر ہوتا ہے، فیلڈ ورکرز اپنے اچھے رویے سے عوام میں اس موذی مرض کے خاتمے کیلئے شعور بیدار کریں۔
بعد ازاں ڈپٹی نے انسداد پولیو مہم میں اب تک اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے افسران اور فیلڈ ورکرز میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔











