ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب  کی شہر اولیاء کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے  کی ہدایت

83

ملتان 12جنوری)اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب زاہداخترزمان نے شہر اولیاء کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لئے ہدایات جاری کر دی۔ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو شہر میں روزانہ  پیدا ہونیوالا 1ہزار ٹن کچرا اٹھانے کا ٹارگٹ دے دیا ہے جبکہ   تمام محکموں کے سینٹری ورکرز اور مالیوں کی فہرستیں بھی طلب کر لی گئیں ہیں اور دیگر محکموں کے سینٹری ورکرز ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی معاونت بھی کریں گے، نئی مشینری کی خریداری تک ضرورت پڑنے کی صورت میں کمپنی کو کرایہ پر مشینری حاصل کرنیکی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

 ویسٹ منیجمنٹ کمپنی اور پی ایچ اے کو مرکزی شاہراہوں اور اہم چوکوں کی صفائی اور خوبصورتی کا مشترکہ پلان بنائیں گی ،کمپنی اور پی ایچ اے کو سڑکوں کی گرین بیلٹس پر لگے پودوں کی تراش خراش اور صفائی کے لئے ایک ہی وقت مقرر کرنے کا حکم صادر فرمایا ہے ۔

ویسٹ منیجمنٹ کمپنی شہر کی اہم سڑکوں کے اطراف میں روزانہ لائم لائننگ کرے گی اور مصروف سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ روزانہ دو بار  کیا جائے گا۔ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو پی ایچ اے کے سپرنکلرز کی مدد بھی حاصل ہو گی، ملتان سے لاہور ، بہاولپور اور ڈی جی خان جانیوالی شاہراہوں پر صفائی کے مثالی انتظامات کئے جائیں گے۔