ملتان ،20جنوری(اےپی پی): ضلع میں ائر کوالٹی انڈیکس بہتر بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی کوششیں جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک عامر خٹک کی زیرصدارت ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان ،محکمہ ماحولیات، معدنیات کے افسران اور ماہر اراضیات نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والی نسل کے لئے صحت افزا ماحول کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے۔انتظامیہ کی خواہش ہے کہ ائر انڈیکس کے حوالے ملتان کو ریڈ زون سے نکالا جائے۔اس سلسلے میں کلین اینڈ گرین ملتان کے لئے مختلف محکموں کی کوشیں جاری ہیں۔اینٹوں کے بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی بھی اس جانب ایک اہم قدم ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ معدنیات بوا پور کے علاقہ میں ریت کے لئے کی جانے والی کھدائی کا جائزہ لے۔زیادہ گہرائی تک کھدائی کی وجہ سے علاقے کا واٹر ٹیبل نیچے جا سکتا ہے اور ریت کے لئے کی جانیوالی کھدائی کی وجہ سے اطراف میں واقع آبادی کے گھروں کے لئے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ریونیو میں اضافے کے لئے زرعی زمینوں، واٹر ٹیبل اور انسانی آبادی کو داو پر نہیں لگایا جا سکتا۔اگر کوئی کام 40 سال سے غلط ہو رہا ہے تو اسے دہرانے کی بجائے اسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بوا پور میں محکمہ معدنیات کی طرف سے دئے جانیوالے کنٹریکٹ بارے فیصلہ کرنے کے لئے کیس ڈی جی ماحولیات کو ارسال کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع میں64 فیصد بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دئے گئے ہیں۔صوبہ میں بلور کی قلت کی وجہ سے بھٹوں کی زگ زیگ سسٹم پر منتقلی کا سلسلہ سست روی کا شکار ہے۔ضلع کے تمام روائتی بھٹے بند کر دئے گئے ہیں۔











