پشاور، 21جنوری(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کی صدارت میں آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں تقریب تقسیم انعامات کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ضلع مانسہرہ پولیس اور انٹیلی جنس بیورو کے افسروں و جوانوں کو لینڈ مافیا، منشیات فروشوں، بچوں پر جنسی تشدد اور دیگر جرائم کی بیخ کنی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ مانسہرہ میں تجاوزات اور منشیات فروشوں کے خلاف مہم میں ہزاروں ایکٹر سرکاری زمینوں سے قبضہ چھڑانے کے ساتھ ساتھ کئی منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح بہترین پولیس تفتیش کے ذریعے بچوں پر جنسی تشدد میں ملوث کئی ملزمان گرفتار کئے تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے مذکورہ واقعات بالخصوص بچوں پر جنسی تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف مانسہرہ پولیس اور انٹیلی جنس بیورو کی دن رات سخت کوششوں اور سرکاری فرائض سے لگن کے جذبے کی تعریف کی۔ آئی جی پی نے واضح کیا کہ اداروں کی ساکھ اور پہچان ان کے افرادی قوت کی محنت شاقہ کی مرہون منت ہوتی ہے۔ اور انعام یافتہ گان پر زور دیا کہ وہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر میدان میں اتریں اور مظلوموں کے لیے امید کا سایہ بن کر فرائض سرانجام دیں اور سخت محنت اور پیشہ ورانہ کمٹمنٹ کو اپنا شعار بنا کر جرائم پیشہ افراد کے خلاف مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنا کر پولیس فورس کو ناقابل تسخیر بنائیں۔ آئی جی پی نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ لینڈ مافیا، منشیات فروشوں اور بچوں پر جنسی تشدد کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ان کا مکمل صفایا نہیں کیا جاتا۔ انعام یافتہ گان کو ایسے عناصر کے خلاف خوف و خطر سے بالا تر ہو کر بلا تعطل اپنی کاروائیاں جاری وساری رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر آئی جی پی نے ضلع مانسہرہ سے جن پولیس افسروں و جوانوں کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا ان میں ڈی پی او مانسہرہ صادق بلوچ، ایس ڈی پی او شنکیاری محمد طاہر، انسپکٹر ماجد نسیم، انسپکٹر خوشحال خان، سب انسپکٹر امجد خان، سب انسپکٹر فیض خان، سب انسپکٹر ارشد علی، سب انسپکٹر طاہر اقبال، اے ایس آئیز ارشد خان، سردار شاہ، سرفراز، محمد ایوب اور سید قائم علی شاہ، ہیڈ کانسٹیبلان مظہر اسلام، فیصل، ارشدعلی، مظہر شاہ، ایل ایچ سیز، ذیشان، مبارک، کانسٹیبلان ماجد، سربلند، زیور شاہ ، عثمان، معروف، تنویر احمد، نعیم السلام، ابوبکر اور اسد شامل تھے۔











