ملکہ کوہسار مری میں برف باری سے لطف اندوز ہونے کیلئےسیاحوں کا غیر معمولی رش

108

مری، 24جنوری(اے پی پی):ملکہ کوہسار مری میں برف باری کے دلفریب اور حسین مناظر کو قریب سے دیکھنے اور ان سے بھرپور لطف اندوز ہونے کے لئے ملک کے کونے کونے سے آنے والے سیاحوں کا غیر معمولی رش،برف باری  کی وجہ سے مری کی اہم شاہراہوں جھیکا گلی سے مال روڈ، جی پی او چوک، کشمیر پوائنٹ، ایکسپریس وے، لوئر ٹوپہ، کلڈنہ اور سنی بنک  کے درمیان روڈ بلاک ہونے سے گاڑیوں کی  لمبی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

 وارڈن ٹریفک پولیس  سڑکوں کو کلئیر کرنے میں مصروف ہیں، سیاحوں کا سب سے زیادہ رش مال روڈ، جی پی او چوک، مرحبا چوک اور کشمیر پوائنٹ کی جانب رہا  جہاں سیاحوں کے رش سے مال روڈ گرمائی سیزن کا منظر پیش کر رہا ہے۔

  بھوربن کے علاقہ میں بھی سیاحوں نے خوب ھلہ گلہ کیا اور برف سے لطف اندوز ہوئے۔

 آج مری کا موسم تیز دھوپ کے ساتھ انتہائی خوشگوار ہے، سیاحوں کی مزید آمد کا سلسلہ جاری ہے۔