ڈی پی او پاکپتن کی ضلع میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت

66

پاکپتن، 24 جنوری (اے پی پی ): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ملک جمیل ظفر نے کہا ہے کہ تمام پولیس افسران ضلع بھر سے منشیات جیسے ناسور کے مکمل خاتمہ کیلیے عملی کام کریں تاکہ معاشرے سے منشیات  کو ختم کیا جاسکے ، ضلع میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد میرٹ پر نمٹایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او آفس میں کرائم اجلاس کے سلسلہ میں ضلع بھر کے تھانوں کے ایس ایچ اوز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ  تمام ایس ایچ اوز اپنے علاقہ میں پولیس موبائل گشت و موٹر سائیکل گشت کو مزید موثر بنائیں اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری یقینی بنائیں ، مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کے عمل میں تیزی لائی جائے اور جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔انہوں نے کہا کہ  کسی بھی پولیس آفیسر یا ملازم کی طرف سے فرائض منصبی میں غفلت و کوتاہی ہرگز برداشت نہ کی جائے گی ۔اس کے علاوہ  محنت اور لگن سے کام کرنے والے پولیس افسران و ملازمین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔

ڈی پی او ملک جمیل ظفر نے تمام پولیس افسران کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت زیادہ سے زیادہ کارروائی کرنے کی تلقین کی۔

 اجلاس میں ڈی ایس پیز ، ایس ایچ اوز ، تفتیشی افسران نے شرکت کی۔