اسلام آباد،29جنوری (اے پی پی):سینیٹ نے کم ترقی یافتہ علاقوں سے متعلق فنکشنل کمیٹی کی تین سالہ رپورٹ کی منظوری دے دی۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں اس سلسلے میں سینیٹر محمد عثمان خان کاکڑ نے تحریک پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جن میں خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع بھی شامل ہیں جہاں پر پانی کی فراہمی، سڑکوں، پاسپورٹ اور دیگر سہولیات کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے۔ لوگوں کو ٹینکروں میں پانی فراہم کیا جاتا ہے حالانکہ یہاں سے گیس نکلتی ہے اور اربوں روپے قومی خزانے میں جمع ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے ضم شدہ اضلاع، بلوچستان اور دیگر کم ترقی یافتہ علاقوں کے طلبہ کے لئے سکالر شپ کا مسئلہ بھی حل کیا جانا چاہئے۔ سینیٹر مشتاق احمد اور سینیٹر شفیق ترین نے بھی اظہار خیال کیا جس کے بعد ایوان نے تحریک کی منظوری دے دی۔