سیالکوٹ،31جنوری ( اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیالکوٹی ٹھگ نے اہل سیالکوٹ کی عزت خاک میں ملا کر رکھ دی ہے لوگ پوچھتے ہیں کہ اسمبلی میں آستینیں چڑھا کربڑھکیں مارنے اور شیر شیر کے نعرے لگانے والا آج بھیگی بلی کیوں بنا بیٹھا ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیالکوٹ کا ایک ٹھگ بھی ان دنوں جیل میں ہے ، اقتدار میں تھا تو نہروں میں چھلانگیں مارتا پھرتا تھا جیل میں گیا ہے تو اب سہولتوں کی بھیک مانگتا پھر رہا ہے ،بہادری تو اس میں بھی کوٹ کوٹ کر بھری ہے، بس منی ٹریل اوران مشکوک فنڈ ٹرانسفر کے بارے میں بتانے سے ڈرتا ہے جس کا اعتراف کرنے کی صورت میں شاید اس کے گھر والے اس گھر میں ہی داخل نہ ہونے دیں گے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شاعر مشرق بھی عالم ارواح میں بیٹھے سوچ رہے ہوں گے کہ میں نے تو شاہینوں کیلئے ایک ملک کا خواب دیکھا تھا ، اقبال نے آزاد منش لوگوں کیلئے خواب دیکھا تھا یہ غلام ابن غلام کہاں سے پیدا ہو گئے ۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کے جرائم کو روکنا ہے اور جیلوں کے نظام کو فول پروف بنایا جارہا ہے،جیل میں جرائم کے نیٹ ورک کو توڑنے کیلئے ریفارمز کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں اب ن لیگ کی توپیں خاموش کیوں ہو گئیں،فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی سرخرو ہو کر نکلے گی اور مخالف سیاسی جماعتوں کیلئے یہ معاملہ گلے کا طوق ثابت ہوگا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈیم ایم کا سربراہ جسے کہتا تھا کہ ہمارے رستے سے ہٹ جاﺅاور یہ کہ ابھی ہم نے سوچنا ہے لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف ہوگا یا پنڈی کی طرف ہوگا۔ اب کہتا ہے ہماری کسی سے کوئی لڑائی ہی نہیں۔ لگتا ہے مولانا کا سافٹ وئیر بھی اب اپڈیٹ ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ راجکماری ، پرچی شہزادے اور مولانا کو آج بھی کھلا چیلنج ہے کہ یہ گھوڑا اور یہ میدان۔ لاﺅ استعفے۔کرو پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ۔ کرو لانگ مارچ۔ کرو آر پار۔ این آر او نہ ملا تھا نہ ملے گا۔