کراچی ،31جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے سندھ میں مقامی حکومت کا جونظام ہے اور جس قانون کے تحت وہ نظام چلایا جارہا ہے ہماری رائے میں وہ آئین کے روح پر پورا نہیں اترتا،آئین کے مطابق مقامی حکومت کے پاس مالی ، انتظامی اور سیاسی اختیار ہوگا، اس وقت سندھ میں جو نظام بنا ہوا ہے نہ وہ مالی طور پر بااختیار ہے نہ سیاسی طور پر اور نہ ہی انتظامی طور پر بااختیار ہے ، تمام صوبے وفاق سے ترقیاتی کاموں کے لئے مدد مانگتی ہے لیکن سندھ حکومت وفاق کی جانب سے کئے جانے والے کاموں میں رکاوٹیں پیداکرتی ہیں ، اگر آپ کام نہیں کریں گے تو کسی نے تو کام کرنے ہیں ، اگر اپ کراچی کو اپنا نہیں سمجھتے ہم تو کراچی کو اپنا سمجھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی ایس 98 شاہ فیصل کالونی میں پی ٹی آئی کے سیکریٹرٹ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پی ٹی آئی پی ایس 98 کے رکن صوبائی اسمبلی عدیل احمد ، این اے 239 کے رکن قومی اسمبلی محمد اکرام چیمہ ،پی ٹی آئی کے رہنما فردوس شمیم نقوی ، پی ٹی آئی کراچی کے سیکریٹراطلاعات جمال صدیقی ،پی ٹی آئی کے عہدیداروں ، کارکنان اور علاقے کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
وفاقی وزیر اسد عمرنے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں مقامی حکومت کا جونظام ہے اور جس قانون کے تحت وہ نظام چلایا جارہا ہے، ہماری رائے میں وہ آئین کے روح پر پورا نہیں اترتا،آئین کے مطابق مقامی حکومت کے پاس مالی ، انتظامی اور سیاسی اختیار ہوگا، اس وقت سندھ میں جو نظام بنا ہوا ہے نہ وہ مالی طور پر بااختیار ہے نہ سیاسی طور پر اور نہ ہی انتظامی طور پر بااختیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا بااختیار نظام ہونا چاہئے کہ مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندے صوبائی حکومت کے رحم وکرم پر نہ ہوں جس کے لئے پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیوایم نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے ۔
وفاقی وزیر اسد عمرنے کہا کہ یہ پٹیشن تحریک انصاف کی طرف سے کوئی بھی دائر کرسکتا تھا لیکن ہم کراچی کے عوام کو یہ پیغام دینا چاہتے تھے کہ ہمارے لئے یہ مسلہ پاکستان کے دیگر بڑے مسائل کے برابر ہے اسلئے اس پٹیشن پر تحریک انصاف کی طرف سے بحیثیت چیئر مین پی ٹی آئی وزیراعظم عمران خان اور میں نے ذاتی طورپر دستخط کی ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس پٹیشن کی سماعت ہوئی ہے اور امید ہے کہ سپریم کورٹ سندھ حکومت کو ہدایت دے گی کہ بلدیاتی قانون کو آئین کے روح کے مطابق کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات اس سال ہونے ہے اورانتخابات نئے نظام کے تحت ہوں گے، بااختیار لوگ ہوں گے ، وسائل ان کے پاس ہوں گے اور آئندہ پھر جب میں کراچی کے کسی علاقے میں جائو ں تو ہم ان سے پوچھیں گے کہ اپ لوگوں نے اپنے علاقے کے لئے کیا کیا ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام سے بہتر احتساب کوئی نہیں کرسکتا اور مقامی حکومت کا ایسا نظام جہاں اپ کا منتخب نمائندہ آپ کے علاقے میں رہتا ہےاور آپ کو پتہ ہو کہ کس دروازے پر جاکر دستک دینی ہے ، اختیار عوام کے پاس ہوگا ،چند سیاسی گھرانوں کے پاس نہیں ہوگا ۔ تقریب سے پی ٹی آئی کے رہنما فردوس شمیم نقوی ، رکن قومی اسمبلی محمد اکرام چیمہ ، جمال صدیقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔