کوئٹہ؛ چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر کا  شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ ، ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا

119

کوئٹہ، 31 جنوری(اے پی پی ):چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر نے اتوار کو کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ جس میں جونئیر اسسٹنٹ کالونی، عبدالرزاق دوتانی پارک سمیت جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔

چیف سیکرٹری نےکہا کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیارکے مطابق تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور اس سلسلے میں کوئی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ چیف سیکرٹری نے کوئٹہ میٹروپو لیٹن عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر میں صفائی کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے اور اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ شہر کو مکمل طور پر گندگی سے پاک کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے جب اس نے پارک کا دورہ کیا تھا تو اس وقت ان کی حالت خستہ  تھی لیکن ابھی پارک کی حالت اور صفائی میں بھی کافی بہتری نظر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے آکر بہت خوشی ہوئی کہ پارک میں بہتری آنے سے بچے اور خواتین استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کمشنر کوئٹہ اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اسی طرح شہر کا دورہ کیا کریں تاکہ شہر کی مجموعی صورتحال میں بہتری آئے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ جونئیر اسسٹنٹ کالونی میں لوگ کافی خستہ حالت میں زندگی گزار رہے ہیں اور لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعلی اور صوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ کالونی میں جدید طرز کے خوبصورت اپارٹمنٹس بنائے جائیں جس میں بچوں کیلیے کھیلنے کی جگہ، گرین بیلٹ اور شاپنگ مال اور پارک ہو، جس سے لوگوں کی معیار زندگی بہتر ہو جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سراسر بے بنیاد باتیں ہیں کہ کالونی میں موجود لوگوں کو اپنے گھروں سے بے دخل کیے جارہے ہیں، حکومت کسی خالی اراضی پر اپارٹمنٹ بنا کے لوگوں کو منتقل کریں گے اور آہستہ آہستہ مزید اپارٹمنٹس بناتے جائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کوئٹہ شہر میں لوگوں کو پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ اس سلسلے میں واسا کو ٹاسک دیا ہوا ہے اور عوام بھی اس معاملے میں حکومت کیساتھ تعاون کریں اور وقت پر پانی کی فیس کی ادائیگی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک نظام کی بحالی کیلیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے جنکی تکمیل سے ہیوی ٹریفک منتقل ہوجائیگی اور انڈر پاسز اور اوور برج کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات عبدالصبور کاکڑ، سیکرٹری بلڈنگ غلام علی بلوچ، کمشنر کویٹہ اسفندیار کاکڑ، ڈپٹی کمشنر کویٹہ اورنگ زیب بادینی، سی ایم او عطاواللہ بلوچ، ٹیکنیکل ایڈوائزر سی اینڈ ڈبلیو مختار احمد اور چیف فائر آفیسر عبدالحق اچکزئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔