کوئٹہ؛پاک افغان بارڈر پر باڑ اور منقسم گاؤں کی آباد کاری کے حوالے سے اجلاس

79

کوئٹہ،2فروری  (اے پی پی):پاک افغان بارڈر پر باڑ اور منقسم گاؤں کی آباد کاری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت منگل کے روز منعقد ہوا،اجلاس میں پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے حوالے سے پیشرفت امن و امان کی صورتحال اور منقسم گاؤں کی آباد کاری کے حوالے سےانتظامی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں باڑگاوں کی آباد کاری  کے حوالے سے کئے گئے فیصلوں اور جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیتے ہوئے ان فیصلوں پر عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔

متعلقہ حکام کی جانب سے اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک پاک افغان بارڈر پر 213 کلومیٹر کی فینسگ میں 182 کلومیٹر کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ 27 کلومیٹر کی فیسنگ کا کام جاری ہے۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے اور دہشت گردی کے سدباب کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے پاک افغان بارڈر پر باڈ لگانے کا کام جاری ہے۔ باڈر پر باڑلگانے کے مسئلہ کے حل کے لیے قبائلی عمائدین کی خواہشات کے تناظر میں افغانستان کی حکومت سے دو طرفہ معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا  کہ بارڈر ایریا میں سیٹلمنٹ کے مسائل کے حل میں صوبائی حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے ۔

میر ضیاء لانگو نے سیٹلمنٹ کے مسائل خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ،  بورڈ آف ریونیو کو جلد از جلد رپورٹ جمع کروانے کی ہدایات بھی دیں اور کہا کہ باڈرکے حوالے سے دیگر مسائل کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے ،تمام مسائل مشاورت سے تجویز کردہ رپورٹ کی بناء پر حل کیے جا سکیں گے۔چمن باڈر پر آباد کار لوگوں کا مسئلہ ان کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے گا ۔صوبائی وزیر زراعت زمرک خان اچکزئی قبائلی عوام سے مشاورت کے بعد مربوط لائحہ عمل بنائیں گے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت زمرک خان اچکزئی ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط کمشنر کوئٹہ ڈیویژن اسفندیار کاکڑ، ڈی آئی جی کوئٹہ محمد اظہر اکرم، کمانڈنٹ چمن سکاوٹس کرنل محمد راشد،ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ بقام چمن و دیگر متعلقہ محکموں کے انتظامی سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔