اسلام آباد،4فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سیاحت کا فروغ وزیراعظم عمران خان کی ترجیحات میں شامل ہے ،بدقسمتی سے ماضی میں اس شعبے کو نظر انداز کیا گیا ، پاکستان پرامن ملک ہے ،ہمارے شمالی علاقہ جات سمیت ملک بھر کے سیاحتی مقامات دنیا بھر کے سیاحوں کی میزبانی کے لئے تیار ہیں۔
وہ جمعرات کو اسلام آباد ٹوررزم فیسٹیول کی لانچنگ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ یہاں پرشریک ہو کر حقیقی خوشی محسوس کررہا ہوں،یہ ایک ایساا قدام ہے جس سے کئی شعبے مستفیدہوں گے، ملک میں سیاحت کا شعبہ مکمل طو پر بحال ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر وزیراعظم عمران خان نے سیاحت کے شعبے کو جو اہمیت دی ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ، ان کی دلی خواہش اور کوشش ہے کہ ہمارے ملک میں سیاحت اور اس سے وابستہ سرگرمیاں تیز ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سیاحت سے بہتر کوئی سفارتکاری نہیں ہے ، ہمارے ملک میں خوبصورت مقامات ہیں جن کی سیاحت دہشت گردی کی لہر کی وجہ سے متاثر ہوئی تھی لیکن ہماری مسلح افواج ،سکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں سے ملک میں دوبارہ امن قائم ہوچکا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے لوگ پاکستان آئیں، سیاحت کی ترقی سے روزگار کے مواقع کھلیں اور نوجوانوں کو آگے آنے کے مواقع ملیں گے ، ہم ایسا ماحول دیں گے کہ دنیا بھر سے لوگ آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں ملک کے تشخص کو اجاگر کرتی ہیں ۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں پیرا گلائیڈنگ (چھتری برداری ) میں نوجوان نسل کی بڑھتی ہوئی دلچسپی ان کی مثبت سرگرمیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ، اس سے نہ صرف پیرا گلائیڈنگ کو فروغ ملے گا بلکہ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹوررزم فسیٹیول میں بیرون ممالک سے آنے والے شرکاءکی بہترین میزبانی کرنے کے ساتھ ساتھ انھیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تا کہ وہ اپنے ملک میں جاکر پاکستان کی حقیقی تصویر پیش کرسکیں۔
وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے منتظمین اور کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔











