اوکاڑہ،05فروری)اے پی پی ): پریس کلب کےصدر شہباز شاہین اور ممبران نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی اورتقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس طاہر امین، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید، صدر ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن ڈاکٹر اویس اکرم،ساجد رشید اورصدر پریس کلب شہباز شاہین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہوش کے ناخن لے اورکشمیریوں پر ظلم بند کرے، پاکستانی قوم اورصحافی کمیونٹی کشمیری بھائیوں کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بدترین نسل کشی پر عالمی طاقتوں کی خاموشی منافقت ہے،عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کےحل کے لئے بھی اپنا کردارادا کریں۔
بعدازاں شہباز شاہین صدر پریس کلب کی قیادت میں ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں صحافیوں نے کتبے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر انڈیا مخالف اور کشمیریوں سے یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ریلی مختلف بازاروں سے ہوکر واپس پریس کلب میں اختتام پذیر ہوئی۔جس میں جرنلسٹ کمیونٹی سول سوسائٹی ، ڈاکٹرز اور انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔











