مری ، 05 فروری(اے پی پی ):ملک بھر کی طرح مری میں بھی یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر مری آرٹس کونسل جماعت اسلامی اور سول سوسائٹی کے زیر اہتمام مری مال روڈ پر ریلیاں نکالی گئیں جس میں سیاسی جماعتوں کے کار کنوں شہریوں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جماعت اسلامی کی ریلی کا آغاز جی پی او چوک سے ہوا اور مال روڈ سے ہوتی ہوئی مرحبا چوک پہنچی، ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، مری آرٹس کونسل نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی و سیمینار کا اہتمام کیا، ریلی کی قیادت چیئر پرسن سٹیڈنگ کمیٹی برائے پاپولیشن پنجاب ایم پی اے بیگم عابدہ راجہ نے کی ، حکمران جماعت سول سوسائٹی شہریوں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی، ان ریلیوں میں شریک ا فراد نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں نعرے درج تھے اور مودی حکومت کے خلاف سخت نعرہ بازی کر رہے تھے۔
مرحبا چوک اور جی پی چوک میں شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پوری قوم مظلوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ھے اور وہ وقت جلد آئے گا کہ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی بدولت کشمیر دنیا کے نقشے پر آزاد ہو گا ان کا کہنا تھا کہ انڈین فورس کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر جو بد ترین مظالم ڈھا رہی ہے ، ان کی دنیا میں مثال نہیں ملتی لیکن اب بھارت خود اندرون خانہ ان حالات سے دو چار ہے اور اب بھارت کے اندر پاکستان زندہ باد اور خالصتان زندہ با د کے نعرے بلند ہو رہے ہیں ۔











