احمد پورشرقیہ ؛پرپولیس لائنزمیں کینسرکے متعلق آگاہی وبلڈ کیمپ کاانعقاد

71

احمدپورشرقیہ، 05 فروری (اے پی پی): آئی جی پنجاب کی ہدایت پرپولیس لائنزمیں کینسرکے متعلق آگاہی وبلڈ کیمپ کاانعقادکیا گیا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن مشتاق سکھیرانے ایس پی انویسٹی گیشن رب نواز تُلہ کے ہمراہ کیمپ کا دورہ کیا، پولیس افسران وجوانوں کی جانب سے کینسر کے مریضوں کیلئے خون کے عطیات دیئے گئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرنے اس موقع پر افسران وجوانوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کینسر ایک موذی مرض ہے، جس گھر میں یہ مرض جاتاہے وہ بہت تکلیف میں ہوتے ہیں۔ہمارا مذہب ہمیں تعلیم دیتا ہے کہ ہم دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ پولیس فورس دکھ کی ہر گھڑی میں اپنی عوام کے ساتھ شانہ بشا نہ کھڑی ہو تی ہے۔  خون کا عطیہ کرکے انسانی جان کو بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اپنی دیگر ڈیوٹیوں کے علاوہ خدمت خلق کے جذبے سے سرشارہے۔انسان کی جان بچانے کی کوشش سے اللہ تعالی کا قرب حاصل ہوتاہے۔

ریجنل بلڈ سنٹر کی ٹیم کے ممبران نے کینسر کی علامات،بچاؤاورحفاظتی تدابیر کے حوالے سے افسران و ملازمین  کو آگاہی فراہم کی اور خون کا عطیہ دینے کے فوائد بھی بتائے۔ پولیس افسران اورجوانوں کی طرف سے دیئے گئے خون کے عطیات بلڈ کلیکشن سنٹر کے حوالے کیے گئے۔