کرپشن اورووٹوں کی خریدوفروخت کابازاربند کرنے کے لئے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کراناچاہتے ہیں؛وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

147

ملتان،6فروری  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت سینیٹ انتخابات میں شفافیت قائم رکھنے اورووٹوں کی خریدو فروخت ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کیلئے اوپن بیلٹ انتخابات چاہتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں ایسا شفاف نظام لایا جائے جس میں کرپشن اور خریدوفروخت کے بازار بند ہو جائیں،  پی پی اور ن لیگ کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ دونو ں جماعتوں نے چارٹرآف ڈیموکریسی کی شق 23 میں لکھا تھا کہ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروائے جائیں گے۔ اور اب دونوں جماعتیں اپنے قول سے پیچھے ہٹ چکی ہیں۔ ہم نے اس مقصد کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ آئینی تشریح کی جائے۔انہوں نے کہا قانون سازی کیلئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں۔ لیکن شفاف نظام کی بنیاد رکھنے کی پوری کوشش کریں گے۔ پاکستان کی تاریخ گواہ ہے سینیٹ کے سابقہ انتخابات میں تحریک انصاف نے شکایت ملنے پر اپنے 20 اراکین صوبائی اسمبلی کو پارٹی سے بے دخل کردیا تھا۔وزیراعظم عمران خان کا واضح اعلان ہے کہ کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں۔ اور آج بھی ہم اس دعوے پر قائم ہیں۔پی ڈی ایم ایک طرف حکومت کو جعلی حکومت کہتی ہے اور دوسری طرف سینیٹ انتخابات میں حصہ لیکر اسی جعلی اسمبلی میں جاناچاہتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ملتان میں این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں  47،49،50میں ہفتہ کی شام مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔  انہوں نے کہاپی ڈی ایم پانی کا بلبلہ جس میں ہوا نکل چکی ہے۔ پی ڈی ایم حکومت گرانے میں ناکامی کے بعد باعزت واپسی کا راستہ ڈھونڈ رہی ہے ۔اور اپنے کارکنوں کو مطمئن کرنے میں مصروف ہے۔ عوامی خدمت کا سفر جاری ہے جو اب رک نہیں سکتا۔ عوام نے جس انداز میں تحریک انصاف کا ساتھ دیا اس کے مشکور ہیں۔ اب ووٹ مانگنے نہیں بلکہ الیکشن میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لئے عوام کے پاس آئیں ہیں تاکہ سابقہ انتخابات میں ساتھ دینے والے عوام اگلے انتخابات میں سر اٹھا کر ساتھ چل سکیں۔ مریم نواز کو عمران فوبیاہوگیا ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  پی ڈی ایم جتنا مرضی لانگ مارچ کر لے،جتنا مرضی احتجاج کرلے ، لٹیروں سے مفاہمت نہیں ہو سکتی۔ پی ڈی ایم کے قول فعل میں تضاد ہے۔ نواز شریف نے مودی کو شادی پر بلا کر گلے لگایا اور کشمیریوں سے بغاوت کی۔ آج ان کی بیٹی کس منہ سے کشمیر کا ذکر کرتی ہے۔ کشمیر کے مسئلہ پر بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ لیکن مذاکرات کو ہماری کمزوری نہ سمجھی جائے ۔ کسی بھی صورت میں مسئلہ کشمیر کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ تاکہ کشمیر میں بھارتی ظلم و سمت و جارحیت کو روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری سے درخواست کرتے ہیں کہ نہتے کشمیریوں کو بھارتی جارحیت سے بچانے کیلئے اپنا کردا رادا کرے۔ انہوں نے کہا مہنگائی ہماری حکومت کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے ۔ جس پر قابو پانا ہماری اولین ترجیح ہے ، ماضی کی غلط پالیسیوں کودرست کرنے کیلئے اقدامات سے عارضی مہنگائی کی صورتحال ہے۔سابقہ حکومت نے ڈالر کی قیمت کو جان بوجھ کر سستا کیا جس سے ملکی معیشت کو خاصا نقصان ہوا ۔ ہمارامحورپاکستان کے عوام اور ان کی ترقی ہے۔

شاہ محمود  قریشی  نے کہا کہ   وزیراعظم  عمران خان ملک میں پائیدار ترقی پر یقین رکھتے ہیں او ر ان کی خواہش ہے کہ ملکی معیشت کو مضبوط کیا جائے اور معیشت کی بڑھوتری کا زیادہ سے زیادہ فائدہ عوام کو پہنچایا جائے۔ انشا ءاللہ ہماری حکومت کی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود ماضی کی حکومتوں نے زرعی شعبہ اور پیداوارپرتوجہ نہیں دی، موجودہ حکومت زرعی پیداوارمیں اضافہ کیلئے اقدامات کررہی ہے،پیرکو کوزراعت کے حوالہ سے وزیراعظم ہاوس میں اہم اجلاس منعقد ہورہاہے جس میں زراعت کے حوالہ سے مختلف ایشوز کاجائزہ لیا جائے گا۔ اور بہت جلد زراعت کی ترقی کیلئے ایک بہت بڑے پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کل وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کوٹلی جلسے میں تھا اور آج حلقے کی عوام کی خدمت میں حاضر ہو گیا ہوں ۔ ملک میں روایت ہے الیکشن جیتنے کے بعد حلقے سے غائب ہو جاتے ہیں ۔ لیکن میں حلقے سے مسلسل رابطے میں ہوں ۔ وزرات خارجہ کی مصروفیت کے باوجود جو بھی وقت ملتا ہے حلقے کی عوام کے ساتھ گزاراتا ہو ں۔ آج میں اپنے حلقے میں ووٹ مانگنے نہیں حلقے کی عوام کو کچھ دینے آیا ہوں۔ ماضی میں میرے حلقے کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا گیا ۔ اپوزیشن میں ہونے کی بدولت فنڈ نہ دیئے گئے۔ اب حلقے کے عوام کو بجلی ، سیوریج، میٹل روڈ ، پینے کا صاف پانی ، سٹریٹ لائٹ سمیت تمام ترقیاتی منصوبے دے رہا ہوں۔ جن کی تکمیل سے حلقے کی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔ انہوں نے اپنے حلقے انتخابات کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا۔

 انہوں نے یونین کونسل 49 میں میٹل روڈ ،شاہ شمس کالونی میںسڑک کا، یونین کونسل 50 میں سیوریج کے منصوبے کا، ممتاز آباد میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کرنے کے ساتھ مختلف یونین کونسلو ں کے لئے کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا ۔